• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کاربن ڈائی آکسائیڈ کو مائع ایندھن میں بدلنے والی ڈیوائس تیار

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس میں قائم رائس یونیورسٹی ہیوسٹن کے ماہرین نے ماحول دشمن کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس سے مائع ایندھن تیار کرنے والی ڈیوائس تیار کر لی ہے جو موثر انداز سے فیول سیل میں ایندھن جمع کرنے کی صلاحیت کی حامل ہے۔ سائنس میگزین کی رپورٹ کے مطابق، کاربن ڈائی آکسائیڈ سے تیار ہونے والا یہ ایندھن مستقبل میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کیلئے استعمال کیا جا سکے گا اور ساتھ ہی ہائیڈروجن کی صورت میں ایندھن لیجانے والے ٹینک میں زیادہ ایندھن جمع کر سکے گا۔ اس کے علاوہ یہ نئی ترکیب پوری کیمیکل پروڈکشن انڈسٹری کیلئے بھی ایک نیا سنگ بنیاد ثابت ہو سکتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ برسوں میں فارمک ایسڈ کے استعمال کی ٹیکنالوجی نے نئے دور کے فیول سیلز کی تیاری کی طرف ماہرین کی توجہ مبذول کرائی ہے۔ عموماً، فارمک ایسڈ ویسا نہیں ہے جیسا کہ پڑھنے میں لگ رہا ہے۔ یہ ایسڈ شہد کی مکھی یا چیونٹیوں کے ڈنک میں پایا جاتا ہے اور اسے توانائی کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے والا طاقتور ذریعہ (Formidable Energy Carrier) سمجھا جاتا ہے۔ تاہم، اسے کارآمد شکل میں لانے کیلئے کشید کرنا زبردست محنت کا کام ہے۔ یونیورسٹی میں کیمیسٹری کے پروفیسر ہائوشن وانگ کا کہنا ہے کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کو کم کرنے کیلئے عموماً مائع الیکٹرولائٹ یا نمکین پانی استعمال کیا جاتا ہے۔ حل شدہ نمک گیس کو ایسے مالیکیول میں تبدیل کرتا ہے جو توانائی کو ذخیرہ کرتا ہے، لیکن جیسے ہی آپ کو اپنا فیول مل جاتا ہے، آپ کو گاڑھے پانی جیسے مائع سے بھی نمٹنا پڑتا ہے، اور یہاں سے فارمک ایسڈ نکالنا تکلیف دہ کام ثابت ہوتا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین