• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ترقی کیلئے قومی زبان اُردو کا نفاذ ناگزیر ہے، ڈاکٹر خالد عراقی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ قومی ترقی کے لئے قومی زبان اُردو کانفاذ ناگزیر ہے،قومی زبان کا مسئلہ تو قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کے قیام کے فوری بعدحل کردیا تھا اور اُردو کو ہمیشہ سے دستوری تحفظ بھی حاصل ہے۔یہی وجہ ہے کہ نفاذ اُردو کے لئے مزید کسی قانون سازی کی ضرورت بھی نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک نفاذاُردو کراچی کے وفد سے وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد میں صدر تحریک نفاذ اُردو کراچی کلیم خان،ڈاکٹر حسیب خان،کوآرڈینیٹر ثناءاللہ ،صباءفضل ،تحریک نفاذاُردو پاکستان شعبہ خواتین کراچی سینئر نائب صدرصالحہ سلمان،سیکریٹری جنرل ثناءخان اور عذرافردوس شامل تھے۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی نفاذ اُردو کے لئے اپنا بھر پور کردار اداکرتی رہے گی ،انہوں نے نفاذ اُردو کے لئے دستخطی مہم کو خوش آئندقراردیتے ہوئے کہا کہ اس مہم کے نتیجے میں عوامی آگاہی میں اضافہ ہوگا اور حکومت کو بھی نفاذ اُردو پر توجہ دینا پڑے گی۔اس موقع پر شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی نے دستخطی مہم کا آغاز اپنے دستخط سے کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتاہے کہ اُردو قومی زبان ہونے کے باوجود ہم اس کو لکھنے یا بولنے میں غلطیاں کرتے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔کسی تنظیم کے قیام سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ اس کے لئے بھر پور آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات ناگزیر ہوتے ہیں۔

تازہ ترین