• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رہائشی عما رتوں میں واقع پرائیویٹ سکولوں کو شفٹ کرنےکا فیصلہ

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں سی ڈی اے نے اسلام آباد کی رہائشی عما رتوں میں واقع پرائیویٹ سکولوں کو شفٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں مطلوبہ کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کے علاوہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت کو یقینی بنا کر ان کی طرف سے دی گئی تجاویز کو بھی اس حکمت عملی کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ 12 ستمبر کو سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے جس میں فیڈرل ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کے نمائندوں کے علاوہ پرائیویٹ ایجوکیشنل سکول ریگولیٹری اتھارٹی اور دیگر متعلقہ شعبوں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی رہائشی عما رتوں سے شفٹنگ کے لیےپالیسی بنائی جا رہی ہے تاکہ تمام تعلیمی اداروں کو مساوی بنیادوں پر شفٹ کیا جا سکے۔ اس میکنیزم میں اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ سکول کے لیے مختص پلاٹ کسی غیر متعلقہ فرد یا ادارے کو الاٹ نہ ہو سکے جبکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ آئندہ اسلام آباد کی رہائشی عمارت میں کوئی سکول نہ چلایا جائے۔ اس ضمن میں اسلام آباد کی حدود میں واقع ہاؤسنگ سوسائٹیز کو بھی ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی سکیموں میں سکولوں کے لیے مختص پلاٹوں کو تین ماہ کے اندر استعمال میں لائیں اور اگر کسی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سکول کے لیے مختص پلاٹ کو دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے تو اس پلاٹ کے متبادل ہاؤسنگ سوسائٹی میں سکول کے لیے پلاٹ کو مختص کیا جائے بصورت دیگر ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ فیڈرل ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ جو اس ضمن میں مرکزی سٹیک ہولڈر ہے سے کہا گیا ہے کہ وہ اسلام آباد میں مستقبل میں تعلیمی اداروں کی ضرورت کے علاوہ ادارے کو الاٹ شدہ ایسی جگہ جو استعمال میں نہ ہو اسکی نشاندہی کریں تاکہ اسے دوبارہ الاٹ کر کے تعلیمی سر گرمیوں کے لیے استعمال میں لایا جا سکے۔ اس سلسلے میں فیڈرل ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ ابتدائی طور پر ایک ایسامیکنیزم تجویز کرے گا جس کی روشنی میں سرکاری اور غیر سرکاری انسٹی ٹیوٹس کی تعلیمی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
تازہ ترین