• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وارسا سمیت پولینڈ میں مجالس عزا کا انعقاد

وارسا (نمائندہ جنگ) پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں یوم عاشورہ کے موقع پر مجالس عزا برپا ہوئیں۔ مرکزی مجلس جعفریہ فورم کے زیراہتمام وارسا کے مرکزی علاقے میں منعقد ہوئی۔ ممتاز عالم دین شیخ مازن السھلانی نے مجلس شام غریباں سے خطاب کرتے ہوئے دس محرم اکسٹھ ہجری پیش آنے والے واقعہ کربلا کی تفصیل بیان کی۔ خاص طور پر انھوں نے امام حسینؓ اور آپؓ کے ساتھیوں کی قربانی کا مقصد اور آپ کے مصائب بیان کئے۔ انھوں نے کہاکہ امام عالی مقامؓ اور آپ کے ساتھیوں نے اسلام کی سربلندی کے لئے عظیم قربانی پیش کی جس کی مثال رہتی دنیا تک نہیں ملتی۔ مجلس کی نظامت کے فرائض پاکستانی ریسرچ سکالر سید سبطین شاہ نے سرانجام دیئے۔ مجلس عزا کے دوران پاکستانی نوجوان نواحہ خوانوں سید اسد عباس اور سید رضا عباس برادران نے دلسوز اشعار میں نوحہ خوانی کرکے عزاداران امام حسینؓ کی آنکھوں کو اشکبار کردیا۔ مجلس کے دوران سید مہدی رضوی نے سلام پیش کیا جبکہ دیگر نوحہ خوانوں میں سید سلیمان زیدی، رانا واصف اور فخرعباس قابل ذکر ہیں۔ مجلس میں پاکستانیوں کے علاوہ عراقی اور آذربائیجان کے نوحہ خوانوں نے بھی عربی اور آذری زبانوں میں نوحہ خوانی اور مرثیہ خوانی کی۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے ابواسد نجفی نے کہاکہ آج امام حسینؓ کا غم منانے جمع ہوئے اور یہاں مختلف اقوام کے لوگ اس غم میں شریک ہورہے ہیں۔ سید اسد عباس نے کہاکہ وارسا میں پچھلے سال کی طرح اس بار بھی عاشقان حسینؓ جمع ہوئے تاکہ مجالس عزا میں شریک ہوسکیں۔
تازہ ترین