• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلسازوں سے ہوشیار رہیں، پاکستانی سفارتخانے بشکیک کا ہم وطنوں کو انتباہ

کراچی (اسد ابن حسن) کرغیزستان کے شہر بشکیک میں قائم پاکستانی سفارتخانے نے ایک مرتبہ پھر پاکستانیوں کو متنبہ کیا ہے کہ کرغیزستان سے جاپان، کینیڈا اور آسٹریلیا کیلئے کوئی ویزہ جاری نہیں کیا جاتا اور لوگ ایسے نوسربازوں اور جعلسازوں سے ہوشیار رہیں۔ سفارتکار نے مذکورہ مراسلے کی تصدیق کی ہے۔ مراسلے میں تحریر کیا گیا ہے کہ ’’اطلاع عام۔ہر خاص و عام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ کچھ لوگ بشکیک، کرغیزستان میں بیٹھ کر فیس بک کے ذریعے کینیڈا، جاپان اور آسٹریلیا کا ویزہ لگانے کا وعدہ کرتے ہیں۔ یہ سب دھوکے باز اور جعلساز ہیں۔ ان لوگوں کی چال میں مت آئیں۔ آج کل تین پاکستانی جو اس وقت بشکیک کی جیل میں ہیں اور پاکستانی سفارتخانہ ان کا کیس لڑ رہا ہے۔ ان تینوں نے تقریباً 20ہزار ڈالر (تقریباً 32لاکھ روپے پاکستانی) فی کس کا فراڈ کیا ہے (مجموعی طور پر تقریباً ایک کروڑ روپے) یہ تینوں بدقسمت پاکستانی ان ہی لوگوں کے ہاتھوں بے وقوف بنے ہیں۔ یہ لوگ جعلی ویزوں پر بشکیک ایئرپورٹ پر پکڑے گئے۔ اس حوالے سے ’’جنگ‘‘ نے پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کیا تو وہاں تعینات ایک اعلیٰ افسر (کے جے) نے نام نہ شائع کرنے کی درخواست کرتے ہوئے تفصیلات بتائیں کہ مذکورہ واقعہ 2017ء میں ہوا اور تین پاکستانی گرفتار ہوئے۔

تازہ ترین