• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں کاجرم مسلمان ہونا ،حق خودارادیت مانگنا ہے، لیاقت بلوچ

لاہور(نمائندہ خصو صی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے علماءاور سیاسی کارکنان کے وفود سے گفتگو اور وسیم اسلم قریشی کی جانب سے حجاج کرام کے اعزاز میں ناشتہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے ظلم کو 43 دن ہو گئے ہیں ، عالمی برادری ہندوستان کو انسانی حقوق کی پامالی سے روکنے کے لیے جرا ت مندانہ اقدام نہیں کر رہی ۔ کشمیریوں کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ مسلمان ہیں اور حق خود ارادیت چاہتے ہیں ۔ یہ بھی بڑا المیہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر پر قومی قیادت کو متحد کرنے اور قومی اتفاق رائے کی قومی پالیسی بنانے میں ناکام ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ہندوستان نے طویل المعیاد جنگ پاکستان پر مسلط کردی ہے ۔ روزانہ سیز فائر لائن پر گولہ باری اور فائرنگ کر کے فوجی جوانوں اور شہریوں کو شہید کر رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کے مکروہ و ظالمانہ عزائم کے مقابلہ کے لیے ملک کے اندر سیاسی ، اقتصادی استحکام لایا جائے ۔ وزیراعظم یو این او جنرل اسمبلی سے زور دار خطاب ضرور کریں لیکن ان کی پشت پر قومی اتحاد و اتفاق کی طاقت نہیں ہوگی تو یہ خطاب بے ثمر اور ہوائی فائر ہی ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان عالمی مدبرین ، وزرائے خارجہ ، انسانی حقوق کی تنظیموں ، تھنک ٹینک کے سربراہوں کی عالمی کانفرنس منعقد کرے ۔
تازہ ترین