• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صارفین بجلی کے مسائل حل کرنے کیلئے کھلی کچہریوں کا انعقاد جاری

پشاور (نیوز ڈیسک) چیف ایگزیکٹیو پسکو انجینئر ڈاکٹر محمد امجد خان کی ہدایت پر صارفین بجلی کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کے سلسلے میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ صوبہ بھر میں جاری ہے‘ اس سلسلے میں ایک کھلی کچہری ایڈیشنل چیف انجینئر صوابی سرکل محمد ریاض کی زیر نگرانی یار حسین 2 سب ڈویژن میں منعقد کی گئی جس میں ڈی سی ایم‘ ایکسینز‘ ایس ڈی اوز اور عوام کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف انجینئر صوابی سرکل نے اس موقع پر کہا کہ خدمت میں عبادت ہے اس لئے خدمت کے ساتھ ساتھ عوام کی عزت بھی کریں گے۔ انہوں نے اوور لوڈڈ ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمروں کو زیادہ طاقت کے ٹرانسفارمروں سے تبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ ایک کھلی کچہری ایس ای پشاور سرکل سمیع اللہ بنگش کی زیرنگرانی منعقد ہوئی جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بجلی سے متعلقہ مسائل حل کروائے‘ ایک کھلی کچہری ایس ای ہزارہ 2 سرکل کی زیرنگرانی منعقد کی گئی جس میں ایکسین‘ ڈی سی ایم‘ ایس ڈی او اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی‘ کھلی کچہری میں لوگوں نے سٹاف کی کمی‘ اوور لوڈڈ ٹرانسفارمروں‘ بوسیدہ تاروں‘ مکانوں کے اوپر سے گزرنے والی تاروں‘ اوور بلنگ جیسے مسائل کے بارے میں درخواستیں پیش کیں۔ جن کے حل کے لئے موقع پر ہدایات جاری کی گئیں۔ ایک کھلی کچہری ایس ای مردان سرکل شاہ رس خان کی زیرنگرانی منعقد کی گئی جس میں ایکسین‘ ایس ڈی او اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی‘ کھلی کچہری میں زیادہ طاقت کے ٹرانسفارمروں کی تنصیب‘ بوسیدہ اور خطرناک تاروں کی تبدیلی‘ خراب میٹروں کی تبدیلی‘ لو وولٹیج‘ ری کنڈکٹنگ اور دیگر مسائل پر موقع پر احکامات جاری کئے گئے۔ ایک کھلی کچہری ایس ای خیبر سرکل طاہر جمال کی زیر نگرانی منعقد ہوئی جس میں ایکسین خیبر ڈویژن‘ ایس ڈی او اور عمائدین علاقہ اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بجلی سے معلقہ مسائل کو موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ ایک کھلی کچہری ایس ای ہزارہ سرکل1 ایبٹ آباد قاضی محمد طاہر کی زیر نگرانی منعقد ہوئی جس میں سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر عوام کی شکایات کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے گئے۔
تازہ ترین