• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہبازگل کی ایک بار پھر وزیراعلیٰ  بزدارسے اختلافات کی تردید

لاہور (ایجنسیاں)پنجاب حکومت کے سابق ترجمان ڈاکٹرشہبازگل کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ‘وفاق میں اہم ذمہ داری دیئے جانے کا امکان جبکہ معاون خصوصی نعیم الحق نے بھی تصدیق کی ہے کہ شہباز گل کو مرکز میں اہم عہدہ دیاجائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے ایک بار پھر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اختلافات کی تردید کر دی۔پیرکو اپنے بیان میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ کچھ دوستوں نے میرے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے یہ تاثر دیا ہے کہ میرے وزیراعلیٰ پنجاب سے اختلافات ہیں‘میں پھر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ استعفیٰ کے بعد سے میں نے اب تک ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ایک بارپھر کہتا ہوں خان صاحب نے انہیں وزیراعلٰی بنایا ہے اور ہم سب اس فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلی پنجاب کے سابق ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے ملاقات کی جس میں اہم ایشوز پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر شہباز گل کو وفاق میں اہم ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے۔ادھر مانچسٹر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کا کہنا تھا کہ شہباز گل کو وزیر اعلی عثمان بزدار کے کہنے پر ہٹایا گیا کیونکہ عثمان بزدار کو کچھ تحفظات تھے‘انہوں نے مزید کہا کہ شہباز گل کو وفاق میں ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔
تازہ ترین