• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سال 2019کے ایس ایس سی پارٹ ون (جماعت نہم) سائنس وجنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کی مارکس شیٹس جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے تمام الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ متعلقہ تاریخوں کو اتھارٹی لیٹر کے ساتھ بورڈ آفس کی پہلی منزل بلاک B کانفرنس ہال سے صبح 9:30بجے سے شام 5:00بجے تک جبکہ ہفتے اور اتوار کے روزصبح10بجے سے شام3بجے کے دوران مارکس شیٹس حاصل کر سکتے ہیں جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کی مارک شیٹس ان کے دیئے گئے رہائشی پتوں پر ارسال کر دی گئی ہیں نہ ملنے کی صورت میں20اکتوبر کے بعد متعلقہ سیکشن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اسکولوں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ مارکس شیٹس حاصل کرنے کے بعد فوری طور پر طلبہ و طالبات کو دے دی جائیں، شکایت ملنے کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شیڈول کے مطابق جمعرات10اکتوبر کو نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، لیاقت آباد، جمعہ11اکتوبر کو جمشید ٹاؤن، گلشن اقبال،ہفتہ 12اکتوبرکو شاہ فیصل کالونی، ملیر، بن قاسم، لانڈھی اوراتوار 13اکتوبر کو لیاری، کیماڑی، بلدیہ ٹاؤن، سائٹ، اورنگی ٹاؤن، گڈاپ، صدر، کورنگی مارکس شیٹس حاصل کر سکیں گے۔ بعد ازاں طلباء وطالبات11نومبر2019تک اپنے اسکروٹنی فارم متعلقہ بورڈ کی برانچوں نیشنل بینک، حبیب بینک، یوبی ایل، عسکری بینک سے حاصل کر کے وہیں جمع کرا سکتے ہیں۔

تازہ ترین