• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہراہ نور جہاں، بلڈر کا آفس سروس روڈ پر قائم، آمد و رفت بند

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کے حکم پر کے ایم سی اور دیگر متعلقہ اداروں نے جہاںسیکڑوں تجاوزات کا خاتمہ کیا، وہیں بعض چہیتے بلڈر ایسے بھی ہیں جنہیں روکنے ٹوکنے والا کوئی نہیں اور ایسا ہی ایک بلڈر بڑی دیدہ دلیری سے نارتھ ناظم آباد میں سروس روڈ پر اپنا دفتر قائم کر کے کمرشل بلڈنگ بنانے میں مصروف ہے۔ تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد شاہراہ نورجہاں، بلاک ٹی کے پلاٹ نمبر سی۔9 پر ایک کمرشل بلڈنگ زیر تعمیر ہے ۔ متعلقہ بلڈر نے پلاٹ کے سامنے سے گزرنے والی سروس روڈ پر نہ صرف تعمیراتی سامان بجری، کرش اور سریا وغیرہ پھیلایا ہوا ہے بلکہ سروس روڈ پر ہی اپنا سائٹ آفس بھی قائم کر لیا ہے جس کے باعث اس مقام پر سروس روڈ آمد و رفت کے لئے مکمل طور پر بند ہوگئی ہے، جس سے علاقہ مکین سخت پریشان اور دشواریوں کا شکار ہیں۔ اس ضمن میں شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر وہ مرمتی کام کے لئے بھی تعمیراتی سامان اپنے گھر کے سامنے اترواتے ہیں تو سب سے پہلے علاقہ پولیس آجاتی ہے اور پھر دیگر متعلقہ ادارے تنگ کرتے ہیں جبکہ مذکورہ پلاٹ سے تھوڑے ہی فاصلے پر شاہراہ نورجہاں تھانہ قائم ہے جس نے اس سرگرمی کا شاید کوئی نوٹس ہی نہیں لیا۔ انہوں نےمیئر کراچی، چیئرمین ضلع وسطی، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر سڑک کو کلیئر کروائیں۔

تازہ ترین