• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ کےسینئر صحافی سید امتیاز راشد انتقال کرگئے

لاہور(وقائع نگار خصوصی، خصوصی رپورٹر، سپیشل رپورٹر)روزنامہ جنگ کےسینئر صحافی سید امتیاز راشد حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔ان کی عمر75 سال تھی ۔ وہ صحافی راحیل سید کے والد تھے۔انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال اور صحافیوں سمیت ہرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد شریک ہوئی ۔سید امتیاز راشد روزنامہ جنگ لاہور کے بانی کارکنان میں سے تھے۔ان کے پسماندگان میں بیوہ ، بیٹا اورچھ بیٹیاں شامل ہیں ۔ان کی رسم قل آج بعد نماز ظہر ان کی رہائش گاہ واقع بسم اللہ ہاؤسنگ سوسائٹی میں ادا کی جائیگی ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نےامتیاز راشد کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امتیاز راشد مرحوم کہنہ مشق صحافی تھے ، ان خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد او ر سابق چئیرمین سید آصف ہاشمی ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سیکرٹری جنرل امیر العظیم ،لیاقت بلوچ،سابق وفاقی وزیر و ورلڈ منارٹی الائنس کے کنوینر جے سالک نے بھی امتیاز راشد کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔   

تازہ ترین