• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی ڈپارٹمنٹل کرکٹرز کی ملازمتیں بچانے کیلئے کوشاں

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے گذشتہ دنوں مختلف ڈپارٹمنٹس کے سربراہوں سے ملاقات کرکے ان سے درخواست کی تھی کہ وہ کھلاڑیوں کو ملازمتوں سے فارغ نہ کریں ، پی سی بی ڈپارٹمنٹل ٹیموں کی حیثیت کو قائم رکھنے کے لئے جلدکوئی ایونٹ شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ تاکہ کھلاڑیوں کو بے روزگاری سے بچایا جاسکے۔ تاہم یہ ایونٹ اگلے سیزن میں ہوگا۔ یہ بھی طے ہونا ہے کہ ڈپارٹمنٹس کا ٹورنامنٹ کس فارمیٹ کا ہوگا۔ڈپارٹمنٹل ٹیموں جانب سے کھلاڑیوں کو ایسے پروانے مل رہے ہیں جن سے ان کے سروں پر ملازمت ختم ہونے کی تلوار لٹک رہی ہے۔ ایسے میں ایک بینک نے اپنے کرکٹرز کو ملازمت سے نکالنے کے لئے انوکھی منطق اختیار کی ہے اور اپنے مستقل کرکٹرز کو پیشکش کی ہے کہ وہ اگر اپنی نوکری بچانا چاہتے ہیں تو ماہانہ 70 لاکھ روپے کا بزنس لاکر دیں ورنہ سروس رول کے تحت انہیں ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سال پاکستان کرکٹ بورڈ نے جس کلینڈر کا اعلان کیا ہے اس کے مطابق24 اپریل تک پاکستان میں نان اسٹاپ کرکٹ ہوگی۔ اس لئے اس سال ڈپارٹمنٹس کا کوئی ٹورنامنٹ نہیں ہوگا۔ڈپارٹمنٹل ٹورنامنٹ ایسے وقت ہوگا جب ایسوسی ایشن کا کوئی ٹورنامنٹ نہ ہو تاکہ ایسوسی ایشن کے کھلاڑی اپنے ڈپارٹمنٹس کی نمائندگی کرسکیں۔ پی سی بی چیئرمین کو کم از کم چار ڈپارٹمنٹس کے سربراہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو فارغ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ہیں۔
تازہ ترین