• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں 76 ویں روز بھی سب کچھ بند، بھارت گرفتار کشمیریوں کو فوری رہا کرے،ایمنسٹی انٹرنیشنل

سرینگر،نئی دہلی(نیوز ایجنسیاں/مانیٹرنگ سیل) مقبوضہ کشمیر میں 76ویں روز بھی سب کچھ بند ، ذرائع مواصلات پر عائد پابندی کے باعث ’’ای بزنس‘‘ ٹھپ ہونے سے سیکڑوں نوجوان بےروزگار ہوگئے ہیں۔ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت ذرائع مواصلات بحال اور گرفتار کشمیریوں کو فوری رہا کرے۔ای بزنس ٹھپ ہونے سے سیکڑوں نوجوان بیروزگار ہوگئے،تجارتی مراکز، تعلیمی ادارے بند، ٹرانسپورٹ معطل، محاصرے سے طبی سہولیات تک رسائی شدید متاثر، بھارتی فو ج چھاپے مار کرلوگوں کو ڈرادھمکا رہی ہے،مقبوضہ کشمیر اور جموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدورفت معطل ہے۔سکول، کالجز اور یونیورسٹیاں ویران ہیں کیونکہ والدین اپنے بچوں کی سلامتی کے حوالے سے لاحق پریشانی کے باعث تعلیمی اداروں میں نہیں بھیج رہے ہیں۔معمولات زندگی مفلوج ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 5اگست سے مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ سروس کی معطلی کی وجہ سے ای کامرس سے متعلق تمام ویب سائٹس لگاتار بند ہیں۔سرور نامی ایک نوجوان نے ایک خبر رساں ادارے کو بتایا کہ وہ ’’فلپ کارٹ‘‘نام کی بزنس ویب سائٹ کے ساتھ کام کررہا تھا جس سے اس کے گھر کا خرچہ نکلتا تھا لیکن 2 ماہ سے زائد عرصے سے انٹرنیٹ کی بندش کے باعث اب وہ بے روز گار ہو چکا ہے۔دوسری جانب انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بغیر کسی الزام کے گرفتار کیے گئے تمام کشمیریوں کو رہا کرےاور کشمیر میں تمام ذرائع مواصلات مکمل طو ر پر بحال کرے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارت شاخ نے گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران جموں وکشمیر میں مختلف لوگو ں سے بات چیت کے بعد کہا کہ کشمیر میں بھارتی محاصرہ تاحال جاری ہے اور سیاست دانوں، مختلف کارکنوں حتی کہ بچوں سمیت اختلاف رائے رکھنے والے ہر شخص کو گرفتار کرلیا جاتا ہے۔

تازہ ترین