• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیرو سے زیرو بنانے کا عمل غیر محسوس طریقے سے شروع ہوگیا‘عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار کی جانب سے ازخود پیدا کردہ بدگمانیاں جہاں قوم کو خود سے دور لے جارہی ہیں وہیں تخت نیازی سے بھی دور کئے جارہی ہیں۔ اقتدار کے حصول کے اندھے جنون میں مبتلا حکمرانوں کو شاید اس حقیقت کا ادراک نہیں تھا کہ ان کے کاندھے کا استعمال کرکے تجرباتی عمل کا تسلسل برقرار رکھنے والے اپنے مطلوبہ اہداف پورا ہوتے ہی سیاسی بساط پر سجائے گئے ان مہروں کا حشر بھی ویسا ہی کرتے ہیں جو ماضی کی روایات سے ذرا بھر بھی مختلف نہیں ہوتا۔ صادق عمرانی نے کہا کہ ہڈی گلے میں پھنس چکی ہے، انگلی پکڑ کر چلنے والے انہی بدگمانیوں اور بداعتمادیوں کی وجہ سے بندگلی کی جانب دھکیلے جارہے ہیں ہیرو سے زیرو بنا ڈالنے کا عمل غیر محسوس طریقے سے شروع ہوچکا ہے شوق اقتدار کا سحر ٹوٹتے ہی تبدیلی سرکار تبدیلی کا اصل مفہوم سمجھ پائے گی ایسے نوازئے گئے حکمرانوں کو اس حقیقت کا اندازہ ذرا دیر سے ہی ہوتا ہے کہ اس ٹوپی ڈرامے میں غلطی کی گنجائش نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے بے بنیاد مقدمات اور گرفتاریاں قوم کی توجہ اصل مسائل سے کسی اور جانب ہر گز مبذول نہیں کروا سکتیں قوم جان چکی ہے کہ ملکی تاریخ میں عوامی مفادات پر شب خون مارنے اور انہیں زندہ درگور کرنے والی حکومت پہلے کبھی نہیں آئی۔ مشرف دور میں قوم کو آٹے کے تھیلے کے لئے قطار در قطار کھڑے دیکھا گیا مگر تبدیلی سرکار نے قطار تک کا تصور ختم کرکے اپنے ترکش کے تمام تیر عوامی مفادات پر برسا دیئے۔
تازہ ترین