• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران حکومت نے سکھ کمیونٹی کے دل جیت لیے، شیخ سربلند

لندن (جنگ نیوز) سماجی شخصیت شیخ سر بلند نے اپنے ایک بیان میں کرتار پور راہداری کھولنے کے پاکستانی حکومت کے فیصلے کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ عمران خا ن کی حکومت نے دنیا بھر میں آباد سکھ کمیونٹی کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان میں مذہبی اقلیتیں زیادہ محفوظ ہیں جب کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت نچلی ذات کے ہندوئوں اور دیگر اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے۔ شیخ سر بلند نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کی وادی کو جیل میں تبدیل کردیا ہے اور وہاں لوگوں کے بنیادی حقوق سلب ہیں۔ بھارت کی اعلیٰ عدالت نے بابری مسجد کی جگہ مندر بنانے کی اجازت دے دی ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان کرتار پور راہداری کھول کر بھارت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اگر پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کا مثبت جواب دے تو خطے میں امن قائم ہوسکتا ہے جس سے کروڑوں افراد خوشحال ہوں گے۔
تازہ ترین