• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن کالے دھن کی اسمگلنگ کے خلاف آپریشن ،بھارتی گینگ کے 10 ارکان گرفتار

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) نیشنل کرائم ایجنسی نے کالے دھن کی سمگلنگ کے خلاف ایک آپریشن کے دوران 15.5 ملین پونڈ کالے دھن کی سمگلنگ کے شبہے میں ایک بھارتی گینگ کے 10 ارکان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان پر سوٹ کیسوں میں بھر کر برطانوی کرنسی ملک سے باہر لے جانے کا شبہہ ہے۔ گرفتار شدگان میں ویسٹ لندن کے علاقے ہائیز کا رہائشی ایک 41 سالہ شخص شامل ہے، جس کے بارے میں شبہہ ہے کہ وہ گینگ کا سرغنہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایک بھارتی شہری ہیتھرو ایئرپورٹ کے قریب ہائیز میں اپنی قیام گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ این سی اے کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد پر 15.5ملین پونڈ سوٹ کیسوں میں بھر کر برطانیہ سے دبئی پہنچانے کا شبہہ ہے۔ این سی اے کے مطابق مشتبہ افراد پر گزشتہ 3سال کے دوران اے کلاس منشیات اور منظم جرائم کے ذریعے کمائے گئے لاکھوں پونڈ برطانیہ سے دبئی منتقل کرنے کا الزام ہے۔ ایجنسی نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ ملزمان پر رواں موسم گرما کے دوران 17مائیگرنٹس کو برطانیہ سمگل کرنے کی کوشش کا بھی الزام ہے۔ این سی اے نے بتایا کہ بدھ کو صبح سویرے 5 بھارتی، ایک فرانسیسی اور 4 برطانوی باشندوں کو گرفتار کیا گیا، گرفتار شدگان کی عمریں 28 سے 44 سال کے درمیان بتائی جاتی ہے، ان لوگوں کو منی لانڈرنگ اور غیر قانونی امیگریشن میں سہولت کاری کے شبہے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ہائیز، ہنسلو، آکسبرج اور سائوتھ ہال میں چھاپوں کے دوران گرفتار شدگان کے قبضے سے 1.5ملین پونڈ سے زیادہ نقد رقم کے علاوہ رینج روورز، آڈیس اوربی ایم ڈبلیو گاڑیاں بھی برآمد کیں۔ این سی اے کے سینئر تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ منظم جرائم پیشہ گروپوں کیلئے نقد رقم شہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے، کیونکہ منی لانڈرنگ کرنے والوں کی خدمات حاصل کرنے کیلئے انھیں اس کی ضرورت ہوتی ہے۔

تازہ ترین