• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

18ممالک کے سفارتکاروں نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) 18ممالک کے سفارتکاروں بشمول قونصل جنرلز نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈکوارٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔وفد میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، جنوبی کوریا، امریکہ، سری لنکا، ایران، چین، اٹلی، فرانس، روس، برطانیہ، ترکی، تھائی لینڈ، انڈونیشیا، مراکش، افغانستان اور جرمنی کے نمائندگان شامل تھے۔ترجمان پولیس سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروس ڈویژ ن کے مطابق ڈی آئی جی پولیس سیکیورٹی اینڈ ایمر جنسی ڈویژن مقصود احمد نے وفد کو ایس ایس یو کے مختلف شعبوں کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ایس ایس یومیں ملک کی پہلی اسپیشل ویپن اینڈٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم قائم کی گئی ہے۔انھوں نے مزید بتایاکہ کمانڈوز کو جدید پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جارہی ہے ۔کمانڈنٹ ایس ایس یوغلام مرتضیٰ تبسم نے وفد کوبڑی تقریبات کے موقع پرخصوصی سیکیورٹی انتظامات اور موجودہ سیکیورٹی خدشات کو بہتر انداز میں نبردآزما ہونے کے سلسلے میں مختلف اقدامات وتفصیلات سے آگاہ کیا۔بعد ازاں وفد نے(S.W.A.T) ٹیم کے کمانڈوز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف فرضی مشقوں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔

تازہ ترین