• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2019 کے دوران ایل این جی کی درآمد میں 19فیصد اضافہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)2019، ایل این جی کی درآمد میں 19فیصد اضافہ،تفصیلات کے مطابق ملک میں گیس کی شارٹ فال 20سے 25فیصد تک کم کرتے ہوئے ، پاکستان میں قائم دو ایل این جی ٹرمینلز نے 2019 میں نیشنل گیس ڈسٹریبیوشن نیٹ ورک میں 393.6ارب مکعب گیس پمپ کی جو 2018میں پمپ کی گئی 345.6ارب مکعب فٹ سے 14فیصد زیادہ ہے۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق 2019میں پاکستان نے ملک میں قائم دونوں ایل این جی ٹرمینلز کے ذریعہ 7.57ملین ٹن مائع قدرتی گیس (ایل این جی )درآمد کی ۔دونوں ٹرمینلز نے قطر ، آسٹریلیا اور دیگر یورپی ممالک سے درآمد کئے گئے ایل این جی سے بھرے 157جہازوں کو ہینڈل کیا ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ 2019میںملک میںفی دن گیس کی طلب تقریباً4800کیوبک فٹ رہی جس میں سے بیس فیصد سے زائد گیس اینگرو ایل این جی ٹرمینل اور پاکستان گیس پورٹ کنزورشم کے ذریعے فراہم کی گئی جبکہ2019 میں 2018 کے 108کے ایل این جی کارگوکے مقابلے میں14فیصد اضافہ ہوا۔ذرائع کے مطابق ملک میں قائم دونوں ایل این جی ٹرمینلز نے حال ہی میں نہایت اہمیت حاصل کرلی ہے کیونکہ ملک کے متعدد حصوں میں درجہ حرارت کی کمی کے ساتھ ہی صارفین کو کم گیس پریشریا گیس کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ملک کے معاشی ڈھانچے میں انتہائی اہمیت کے حامل مختلف شعبوں جیسے پاورپلانٹس، سی جی اسٹیشنز، فرٹیلائزراور ٹیکسٹائل ملوں کو گیس کی قلت کی وجہ سے بڑے پیمانے پر شدید پیداواری نقصانات کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں برآمدی آرڈر مکمل نہ ہونے کی صورت میں پاکستان قیمتی زرِ مبادلہ سے محروم ہوجائے گا۔ذرائع نے دعوی کیا کہ گیس کی موجودہ بحران پر قابو پاکراس نقصان سے نچا سکتا تھا اگرحکومتی سطح پر زیادہ ایل این جی جہاز درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا جاتا کیونکہ ملک میں موجود دونوں ٹرمینلز پر گیس کو ہینڈل کرنے صلاحیت تقریباًنو ملین ٹن سالانہ ہے۔

تازہ ترین