• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سورن سنگھ قتل، خیبر پختونخوا حکومت بلدیوکمار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن رکوانے کیلئے آج عدالت جائیگی

پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا حکومت وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امورآنجہانی ڈاکٹر سردار سورن سنگھ کی موت سے صوبائی اسمبلی کی خالی اقلیتی نشست پربلدیوکمار کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو رکوانے کیلئے آج پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کرے گی جس کیلئے قانونی ماہرین نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں ،بلدیو کمار کی کامیابی کا الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹیفیکیشن کے اجراء کو رکوانے کیلئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے جمعہ کے روز صوبائی اسمبلی میں اعلان کیاتھا کہ اس سلسلے میں پیر کے روز پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی جائے گی ،مذکورہ رٹ کی تیاری صوبائی حکومت کی لیگل ٹیم نے مکمل کرلی ہے جس کے تحت پشاور ہائی کورٹ سے استدعا کی جائے گی کہ چونکہ بلدیو کمار جن کا نام اقلیتی نشستوں کی ترجیحی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے ،وہ ڈاکٹر سورن سنگھ کے قتل میں ملوث ہونے کے باعث گرفتار بھی ہیں اور انہوں نے پولیس کی تحویل میں اس کا اعتراف بھی کرلیا ہے اس لیے قتل کے مقدمہ میں ملوث کسی شخص کا بطور رکن اسمبلی حلف اٹھانا  کسی بھی طور درست نہیں اس لیے عدالت عالیہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مذکورہ نوٹیفیکیشن جاری کرنے سے روکے ۔اس بارے میں حکومتی ذرائع نے رابطہ کرنے پر تصدیق کی کہ رٹ پیٹیشن کی تیاری کرلی گئی ہے اور آج پیر کے روز یہ رٹ پشاور ہائی کورٹ میں دائر کردی جائے گی۔
تازہ ترین