ہل پارک کی انٹری فیس کا ٹھیکہ، کامیاب بولی دہندہ بر وقت ٹھیکے کی کل رقم کا دس فی صد جمع نہ کراسکا

October 23, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) ہل پارک کی انٹری فیس کا ٹھیکہ ،کامیاب بولی دہندہ قانون کے مطابق بر وقت ٹھیکے کی کل رقم کا دس فی صد جمع نہ کراسکا ڈائریکٹر پارکس کے ایم سی جنید اللہ نے کہا ہے کہ اگر بولی والے دن کی تاریخ کا پے آرڈر نہ ملا تو اسے منسوخ کرکے دوسرے نمبر پر آنے والے کو دے دیا جائےگا باوثوق ذرائع نے بتایا کہ 20اکتوبر کو کے ایم سی کے محکمہ پارکس میں ہونے والے مختلف ٹھیکوں کے نیلام میں ہل پارک میں انٹری فیس کا ٹھیکہ 50 لاکھ روپے میں ایک کمپنی نے حاصل کیا لیکن وہ قانون کے مطابق 5 لاکھ روپے کی رقم جمع نہ کرا سکے اور صرف 65 ہزار روپے ادا کر سکے بولی کے عمل میں شریک بعض افسران کا کہنا ہے کہ دس فی صد کے حساب سے رقم جمع نہ ہونے پر اصول کے مطابق اسی دن دوسرے نمبر پر آنے والی کپمنی کویہ کنٹریکٹ ایوارڈ ہو جانا چاہئیے تھا دریں اثنا ڈائریکٹر پارکس جنیداللہ نے کامیاب بولی دہندہ کی جانب سےصرف 65 ہزار روپے محکمے میں جمع کرائے جانے کی تصدیق کی اور کہا کہ کامیاب بولی دہندہ کے مطابق اس کے پاس بیس تاریخ کا پے آرڈر موجود ہے جو وہ پیر کو جمع کرادے گا ڈائریکٹر پارکس نے کہا کہ اگر وہ بیس تاریخ کا پے آرڈر جمع کرانے میں ناکام ہو جاتے ہیں تو وہ اسے منسوخ کر دیں گے انہوں نے وضاحت کہ ان پر کسی قسم کا دباو نہیں ہے اور وہ میرٹ کے مطابق کام کر رہے ہیں دوسری جانب ہل پارک کی انٹری فیس کی بولی دینے والے ٹھیکیداروں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے فیصلے قانون کے مطابق نہیں ہیں اور اس کے خلاف وہ احتجاج کریں گے متعلقہ ٹھیکیداروں نے اس معاملے پر ایک درخواست بھی ایڈمنسٹریٹر کراچی، وزیر بلدیات اور وزیراعلیٰ سندھ کے دفاتر میں جمع کرائی ہے۔