خلیج بنگال میں طوفان ’جواد‘ بننے کا امکان ہے: ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز

December 02, 2021


محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں موجود ہوا کا کم دباؤ کچھ دن میں سمندری طوفان بن سکتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نے یہ بات کہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سمندری طوفان بننے کی صورت میں اسے ’جواد‘ کا نام دیا جائے گا، ’جواد‘ سعودی عرب کا تجویز کردہ نام ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ’جواد‘ سے پاکستان کے ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں، تاہم کراچی میں آئندہ چند روز میں موسم سرد ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مغربی ڈسٹربنس کے باعث کراچی میں سرد ہوائیں چل سکتی ہیں، جبکہ درجۂ حرارت بھی 2 سے 3 ڈگری گر سکتا ہے۔

ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ 5 اور 6 دسمبر کو گلگت، بلتستان اور کے پی میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔

دوسری جانب ماہرِ موسمیات جیسن نکلولس کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاستیں آندھرا پردیش، اڑیسہ، مغربی بنگال کے علاوہ بنگلا دیش بھی طوفان ’جواد‘ سے متاثر ہو سکتا ہے۔