نارتھ آف انگلینڈ میں ایک ہفتے سے بجلی سے محروم افراد کی مدد کیلئے فوج طلب

December 04, 2021

لندن (پی اے) نارتھ آف انگلینڈ میں طوفان ارون کی وجہ سے ہزاروں افراد ایک ہفتے سے بجلی سے محروم ہیں اور ان کی مدد کیلئے فوج کو طلب کر لیا گیا ہے۔ کمبریا میں ناردرن پاور گرڈ (این پی) کے تقریباً 6000 اور نارتھ ویسٹ (ای این ڈبلیو ایل) کے 1700 کسٹمرز بجلی سے محروم ہیں۔ ڈرہم کائونٹی کونسل نے کہا کہ 100 سے زائد اہلکار بعد میں کائونٹی پہنچیں گے۔ اس کا کہنا ہے کہ اس نے مدد کیلئے درخواست کی تھی کیونکہ این پی اس بات کی تصدیق کرنے سے قاصر ہے کہ سپلائی کب بحال کی جائے گی۔ اتھارٹی نے ٹیسڈیل اور ویئر ڈیل سمیت علاقوں میں ہزاروں پراپرٹیز کو بجلی کی فراہمی معطل ہونے کو ایک بڑا واقعہ ڈیکلیئر کیا ہے۔ ٹیڈیل اور ویئر ڈیل میں سپلائی بالکل بند ہے۔ جمعرات کو نارتھ ایسٹ سکاٹ لینڈ میں بجلی بحال کرنے کی کوششوں میں مدد کیلئے فوجی اہلکاروں کو طلب کیا گیا تھا۔ کامنز میں گفتگو کرتے ہوئے ویسٹ مورلینڈ اور لونسڈیل ایم پی ٹم فارون نے فوج سے مطالبہ کیا کہ وہ کمبریا میں بھی انجینئروں کی مدد کرے۔ ای این ڈبلیو ایل نے ہفتے کے اوائل میں کہا تھا کہ پاورسپلائی بحال کرنے کی کوششوں میں مدد کیلئے ملک کے دیگر مقامات سے ماہر پاور انجینئرز کو بلایا ہےلیکن ترجمان پال برچم نے کہا کہ انہیں یقین نہیں ہے کہ فوج کے پاس ہائی وولیٹج الیکٹرسٹی نیٹ ورک پر کام کرنے کی انجینئرنگ کی صلاحیت ہے۔ تاہم گرائونڈ پر جتنے بھی لوگ ہیں اس سلسلے میں ہم ان کو چیک کر سکتے ہیں اور یہ ایک خوش آئند عمل ہے۔ ای این ڈبلیو ایل نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ جمعہ تک بجلی کی سپلائی بحال ہو جائے گی۔ نارتھمبرلینڈ ہاربوٹل کی رہائشی نرس یوآنا وگ کا کہنا ہےکہ وہ بجلی، گرم پانی اور فون سگنل کے بغیر رہ رہی ہے اوراسے اپنے لیونگ روم میں سونے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے کوئی شرم نہیں آتی کہ آپ نے آپ نے بہت وقت لے لیا۔ ان کی پڑوسی ایتن رینڈل نے کہا کہ مجھے تشویش ہے کہ لوگ فون سگنلز کے بغیر ایمرجنسیز کو کال کیسے کریں گے۔ کوئی ایمبولینس کو کیسے پکڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ گائوں سے مردہ لوگوں کو باہر نکالنے جا رہے ہیں۔ ڈرہم کاؤنٹی کونسل کے ترجمان نے کہا کہ ویرڈیل میں سینٹ جانز چیپل بیسڈ فوجی گھر گھر جا کر رہائشیوں کی خیریت معلوم کریں گے اور دورے کریں گے اور جہاں کہیں بھی کسی کو مدد درکار ہوگی تو وہ اس کی مدد کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکینوں کو بجلی کی سپلائی بحال کرنے کے حوالے سے کام کے بارے میں بھی اپ ڈیٹ دیں گے۔ وہ اس کی نشاندہی بھی کریں گے کہ کہاں اضافی مدد کی ضرورت ہے۔ لوکال اتھارٹی سٹاف،کاؤنٹی ڈرہم اینڈ ڈارلنگٹن فائر اینڈ ریسکیو سروس،ڈرہم پولیس اور ماؤنٹین ریسکیو کونسل اور نارتھمبرین واٹر دیگر رضاکاروں کے ساتھ مدد فراہم کر رہے ہیں۔