سیالکوٹ واقعے کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، طاہر اشرفی

December 06, 2021

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

طاہر اشرفی نے لاہور ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث ہر شخص کو ضرور گرفتار کیا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ واقعے کے بعد سری لنکا کے ساتھ تعلقات پر اثر نہیں پڑے گا۔

دوسری جانب ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ کیس میں گرفتار ملزموں کی تعداد 132ہوگئی ہے، اب تک کی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان میں 26 کا مرکزی کردار سامنے آیا، ملزمان کو پولیس نے حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔

سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہوئے سری لنکا کے مقتول شہری پریانتھا کمارا کی میّت سری لنکا کے شہر کولمبو روانہ کردی گئی، پاکستانی وقت کے مطابق پریانتھا کمارا کی میت 4 بجکر 30 منٹ پر کولمبو پہنچے گی۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل سیالکوٹ میں توہینِ مذہب کے الزام میں سیکڑوں افراد نے ایک فیکٹری کے سری لنکن منیجر کو تشدد کر کے قتل کر دیا تھا اور لاش جلا دی تھی۔