گرین لائن بس کے کرائے سے متعلق حکام کا پیغام

December 25, 2021

فائل فوٹو

سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ایس آئی ڈی سی ایل) کےحکام کا کہنا ہے کہ گرین لائن میں سفر کرنے والے بس کا کارڈ بنوائیں، جس کی قیمت 100 روپے مقرر کی گئی ہے۔

حکام ایس آئی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ کارڈ لینے والوں کو کم از کم کرایہ 15 روپے ادا کرنا ہوگا، ہر دو کلومیٹر کے بعد کارڈ سے پانچ 5 روپے کٹوتی ہوگی۔

گرین لائن بس سروس عوام کے لیے شروع کردی گئی ہے، 9 جنوری تک چار گھنٹوں کے لیے بس سروس چلا کرے گی جبکہ دس جنوری سے صبح 6 سے رات 10 تک سروس چلے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ 9 جنوری تک گیارہ اسٹیشن جبکہ دس جنوری سے بائس اسٹیشن پر سروس چلے گی، عوام کے لیے اسٹیشنز گیارہ مقامات پر بنائے گئے ہیں۔

ایس آئی ڈی سی ایل کے حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ سرجانی، عبداللّٰہ چوک، دو منٹ چورنگی، پاور ہاؤس، ناگن چورنگی، جمعہ بازار، حیدری، بورڈ آفس، ناظم آباد نمبر ایک، سینیٹری مارکیٹ اور نمائش پر اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ گرین بس سے ناظم آباد جانے والا شہری کرائے کا سن کر مشتعل ہو گیا جس کا کہنا تھا کہ سرجانی ٹاؤن سے ناظم آباد جانے کے لیے 55 روپے کرایہ مانگ رہے ہیں۔

مشتعل شہری نے کہا کہ اس سے کم میں تو چنگ چی پر کرایہ لگتا ہے، یہ سب مل کر لوٹ رہے ہیں۔