کراچی: نسلہ ٹاور کی غیر قانونی تعمیر کی تفتیش میں پیشرفت

December 31, 2021


کراچی میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر گرائے جانے والے نسلہ ٹاور کی غیر قانونی تعمیر کی تفتیش میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق نسلہ ٹاور کا نقشہ 2013ء میں منظور ہوا، اس وقت ڈائریکٹر ایس بی سی اے جمشید ٹاؤن صفدر مگسی تھے۔

تفتیشی حکام نے بتایا کہ صفدر مگسی کے پاس 2013ء میں ڈپٹی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ کا بھی چارج تھا، ایس بی سی اے کے سابق ڈی جی نے ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ایک ریٹائرڈ افسر کو رکھا ہوا تھا۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ریٹائرڈ افسر بدیع الزمان کو منظور قادر نے کنٹریکٹ پر تعینات کیا تھا، نسلہ ٹاور کا نقشہ اس وقت کی نقشہ اپروول کمیٹی نے منظور کیا تھا۔

تفتیشی حکام نے مزید بتایا ہے کہ سابق ڈی جی ایس بی سی اے منظور قادر کمیٹی کے سربراہ تھے، آشکار داور، صفدر مگسی، علی غفران اور فرحان قیصر اس کمیٹی میں شامل تھے۔

تفتیشی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ تمام افسران کے بیانات ریکارڈ کرنے کے لیے انہیں نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں، بعض افسران کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے گئے ہیں۔