• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نسلہ ٹاور کیس، پولیس کا چھاپہ: SBCA افسران خوف کا شکار


کراچی میں نسلہ ٹاور کی تعمیر کے ذمے دار سرکاری افسران کے خلاف پولیس کے چھاپے کے دوران سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے افسران و ملازمین پولیس کو دیکھتے ہی خوف کا شکار ہو گئے۔

کراچی میں نسلہ ٹاور کی تعمیر کے ذمے دار سرکاری افسران کے خلاف مقدمے کے اندراج کے بعد آج دوپہر پولیس کی بھاری نفری ملزمان کی گرفتاری یا سراغ لگانے کے لیے پھر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پہنچ گئی۔

نسلہ ٹاور کیس میں عدالتی احکامات پر فیروز آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد آج تفتیشی حکام کی جانب سے ایس بی سی اے کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا۔

تفتیشی افسران ایس بی سی اے کی عمارت کے اندر داخل ہوئے تو پولیس کو دیکھتے ہی افسران و ملازمین خوف کا شکار ہو گئے۔

مقدمے میں ملوث کچھ عناصر کی موجودگی کا پتہ چلنے پر پولیس ایس بی سی اے آفس پہنچی ہے۔

ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ کی سربراہی میں پولیس سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر میں موجود ہے۔

تفتیشی حکام آج فیروز آباد میں درج معاملے پر اصل ذمے د اران کا تعین کریں گے، عدالتی احکامات پر کٹنے والی ایف آئی آر میں ذمے داران کو گرفتار کیا جائے گا۔

ممکنہ طور پر تفتیشی حکام ماسٹر پلان سمیت دیگر شعبہ جات کے افسران سے بھی پوچھ گچھ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ ایس پی ایویسٹی گیشن الطاف حسین نے ڈائریکٹر ایس بی سی اے فرحان قیصر سے ملاقات کے دوران ان سے تفصیلات بھی معلوم کی ہیں۔

تازہ ترین