عاصم اظہر کنسرٹ میں نوجوانوں پر برہم کیوں ہوئے؟

January 04, 2022

تصویر بشکریہ انسٹاگرام

پاکستان میوزک انڈسٹری کے نوجوان گلوکار عاصم اظہر کنسرٹ میں خواتین کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے نوجوانوں پر برہم ہوگئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سالِ نو کے موقع پر دیگر گلوکاروں کی طرح عاصم اظہر نے بھی اپنے مداحوں کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کنسرٹ کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کنسرٹ کے دوران نوجوان لڑکے وہاں موجود فیمیلیز کے ساتھ بدتمیزی کررہے ہوتے ہیں جنہیں عاصم اظہر دورانِ کنسرٹ ڈانٹتے ہیں۔

عاصم اظہر نے کہا کہ ’نیا سال منانے آئے ہو تو خوشی سے مناؤ، کسی کے ساتھ بدتمیزی نہیں کرو۔‘

گلوکار نے کنسرٹ میں موجود نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’اگر مجھے اب کوئی بھی فیمیلیز سے بدتمیزی کرتے ہوئے نظر آیا تو وہ کنسرٹ سے سیدھا باہر جائے گا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’یہاں موجود تمام لڑکوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ فیمیلیز کی حفاظت کریں اور اُن کے اردگرد کسی بھی منچلے کو آنے نہ دیں۔‘

عاصم اظہر نے مزید کہا کہ ’2022 کا آغاز اچھا کرنا ہے، ایسے بدتمیزی سے نہیں کرنا۔‘