کوہلی کی اسٹمپ مائیک پر براڈ کاسٹرز پر تنقید

January 14, 2022

بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان کیپ ٹاؤن میں جاری تیسرے ٹیسٹ میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ڈین ایلگر ڈی آر ایس پر ایل بی ڈبلیو قرار پانے سے بچ گئے مگر بھارتی ٹیم کو یہ بات نہ بھائی اور اس کے مختلف پلیئرز اسٹمپ مائیک پر براڈ کاسٹرز پر تنقید کرتے رہے۔

کیپ ٹاون ٹیسٹ کے تیسرے روز روی چندر ایشوین نے ڈین ایلگر کو ایل بی ڈبلیو کیا مگر ڈی آر ایس نے فیصلہ تبدیل کردیا اور ایلگر پویلین واپس لوٹنے سے بچ گئے ۔

یہ بات بھارتی ٹیم کو ہضم نہ ہوئی ، کے ایل راہول، روی چندرن ایشون اور ویرات کوہلی اسٹمپ مائیک پر آکر اپنی بھڑاس نکالتے اور براڈ کاسٹرز پر تنقید کرتے رہے ۔

کوہلی نے اسٹمپس مائیک کے پاس آکر کہا کہ ’’ڈی آر ایس میں یقینی طور پر جنوبی افریقا کے حق میں دھاندلی کی گئی ہے۔‘‘

کے ایل راہول نے کہا کہ ’’11 کھلاڑیوں کے خلاف پورا ملک ہے۔‘‘

اس پورے واقعے پر سوشل میڈیا پر بھی بحث چھڑ پڑی ، فینز کا کہنا ہے کہ انڈینز کو آج جس ڈی آر ایس کا دکھ ہے ، وہ 2011ء ورلڈ کپ میں اس ہی ڈی آر ایس سے مستفید ہوئی تھی جب سعید اجمل کی گیند پر ٹنڈولکر کا ایل بی ڈبلیو اوور ٹرن ہوگیا تھا۔