بھارتی اداکار سنیل گروور ہارٹ سرجری کے بعد اسپتال سے ڈسچارج

February 04, 2022

معروف بھارتی کامیڈین اور اداکار سنیل گروور کامیاب ہارٹ سرجری کے بعد ممبئی کے اسپتال سے ڈسچارج ہوگئے۔

سنیل گروور کو گزشتہ ماہ ہارٹ اٹیک کے بعد ممبئی کے ایشین ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں داخل کیا گیا تھا جہاں سے انہیں گزشتہ روز صحتیابی کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر زیرگردش ایک ویڈیو میں سنیل کو سفید ٹی اور سیاہ ٹریک پینٹ میں اسپتال سے باہر نکلتے دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد کار کی طرف چلتے سنیل کے دل کے اطراف بینڈج لگی ہوئی ہے۔

44 سالہ کامیڈین نے اسپتال کے باہر انتظار کرنے والے فوٹوگرافروں کو دیکھ کر ان کی طرف اشارہ کیا اور اپنے ہاتھوں سے دل کا نشان بھی بنایا۔

سنیل گروور کو شہرت کپل شرما کے ساتھ شو کے دوران اپنا ہنر دکھانے سے ملی، اس میں وہ ’ ڈاکٹر گولاٹی ‘ کے کردار سے مشہور ہوئے اور شہرت کی بلندیوں کو چھو لیا ۔آج کل وہ شملہ میں ایک ویب سیریز کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔