ایک خاتون ایم این اے کو 7 کروڑ روپے دیے گئے ، یہ پیسا کہاں سے آیا؟ فواد چوہدری

March 17, 2022


وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ ایک خاتون ایم این اے کو 7 کروڑ روپے دیے گئے، سندھ میں عوام کے پاس پینے کا پانی نہیں اور جہازوں میں پیسے بھر کر لائے گئے، سندھ ہاؤس نیا چھانگا مانگا ہے۔

اسلام آباد میں اسد عمر اور حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر فوادچوہدری نے کہا کہ عوام پر فرض ہے کہ عمران خان کی حمایت میں کھڑے ہوں، زرداری اور نواز کا بزنس ماڈل ہے پیسے لگاؤ، حکومت میں آؤ، پیسے کماؤ۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ منتخب اراکین کی خریداری خچر اور گھوڑوں کی طرح کی جارہی ہے، جو کہتا ہے ضمیر کی آواز پر ووٹ دے رہا ہے، وہ بے شرم استعفیٰ دیں، آپ عمران کے نام پر ووٹ لے کر آئے ہيں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ منحرف اراکین کے خلاف آرٹیکل 63 اے کی کارروائی ہوگی، عدم اعتماد عوام کی طاقت سے ناکام ہوگی، نہ ہم سودے بازی کریں گے، نہ وزارتوں پر بارگین کریں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ آرٹیکل 63 اے ون کہتا ہے کہ ایک شخص نے پارٹی چھوڑ دی ہے تو اس کے خلاف نااہلی کی کارروائی ہوسکتی ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ شیخ رشید نے وزیراعظم کو گورنر راج لگانے کی تجویز دی ہے، یہ وزیر داخلہ اور اہم اتحادی کی طرف سے مشورہ آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو پیسے نہیں دیں گے۔