حمزہ کے حلف کے بعد کسی اور کا خود کو وزیرِ اعلیٰ کہنا غیر آئینی ہو گا: سلمان اکرم راجہ

April 30, 2022

ماہر قانون سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار استعفیٰ دینے کے بعد بطور عبوری وزیرِ اعلیٰ کام کر رہے ہیں، حلف اٹھاتے ہی حمزہ شہباز وزیرِاعلیٰ بن جائیں گے۔

ماہر قانون سلمان اکرم راجہ نے پنجاب میں وزارتِ اعلیٰ سے متعلق قانونی رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ حمزہ کے حلف اٹھانے کے بعد کسی اور کا خود کو وزیرِاعلیٰ کہنا غیر آئینی ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ گورنر کے پاس اختیار نہیں تھا کہ وہ کہیں کہ الیکشن نہیں ہوا، گورنر عدالت نہیں کہ الیکشن کا معاملہ دیکھیں اور تصحیح کریں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ گورنر کے پاس اب کوئی استعفیٰ نہیں تھا جسے وہ مسترد کرتے، بزدار نے کابینہ اجلاس اس لیے بلایا کہ خود کو منتخب وزیرِاعلیٰ ظاہر کریں۔

انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار آئینی بحران پیدا کر رہے ہیں، آئینی بحران پیدا ہوا تو معاملہ عدالت میں جائے گا، عید کی تعطیلات میں بھی عدالت لگ سکتی ہے اور معاملے کی سنوائی ہو سکتی ہے۔

ماہرِ قانون نے کہا کہ استعفیٰ منظور ہونے اور نئے وزیرِ اعلیٰ کے الیکشن کے بعد معاملہ آگے بڑھ چکا ہے، استعفے میں کوئی سقم تھا تو گورنر نے تصدیق کرا کر اسے ختم کر دیا۔

سلمان اکرم راجہ نے یہ بھی کہا کہ گورنر نے وزیرِاعلیٰ کا استعفیٰ منظور کرکے اپنا فرض ادا کیا، گورنر کا فرض اتنا ہی تھا کہ وزیرِ اعلیٰ کا استعفیٰ قبل کرتے۔