• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر پنجاب نے عثمان بزدار کا استعفیٰ آئینی اعتراض لگا کر مسترد کر دیا

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے سردار عثمان بزدار کا استعفیٰ آئینی اعتراض لگا کر مسترد کر دیا۔

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے عثمان بزدار کا استعفیٰ مسترد کر کے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو خط لکھ دیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کو گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا خط موصول ہو گیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے تصدیق کی ہے کہ گورنر کا مراسلہ انہیں موصول ہو گیا ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی کو گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا خط


گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کو لکھے گئےاپنے خط میں کہا ہے کہ عثمان بزدار کا استعفیٰ آرٹیکل 130 کے سب سیکشن 8 کے تقاضے پورے نہیں کرتا۔

خط میں گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ عثمان بزدار نے استعفیٰ گورنر کے نام دیا ہی نہیں، انہوں نے استعفیٰ وزیرِاعظم کے نام دیا جو آئینی طور پر غلط ہے۔

بزدار بحیثیت وزیرِ اعلیٰ پنجاب بحال ہو گئے: PTI

دوسری جانب پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ عثمان بزدار بحیثیت وزیرِ اعلیٰ پنجاب بحال ہو گئے، وزیرِ اعلیٰ کا استعفیٰ مسترد ہونے کے بعد پنجاب کابینہ بھی بحال ہو گئی۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار کو فوری پنجاب کابینہ کا اجلاس بلانے کی تجویز دے دی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب کابینہ کا اجلاس پنجاب اسمبلی میں بلایا جائے گا، جو عثمان بزدار کی زیرِ صدارت آج ہو گا۔

بزدار نے کابینہ اجلاس بلا لیا

اُدھر عثمان بزدار نے بطور وزیرِ اعلیٰ 9 بجے کابینہ کا اجلاس پنجاب اسمبلی میں طلب کر لیا ہے۔

حمزہ شہباز آج وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھائیں گے

لاہور میں گورنر ہاؤس کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات اور سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

مال روڈ پر گورنر ہاؤس آنے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں، واٹر کینن بھی گورنر ہاؤس کے باہر موجود ہے۔

گورنر ہاؤس میں آج حمزہ شہباز وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید