مفادات کیلئے فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے‘ خلیل جارج

May 14, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور و انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا ہے کہ پاک فوج ہماری شان ہے،ہم پاک افواج کی قربانیوں کو کبھی بھول نہیں سکتے، اپنے مفادات کی خاطر ملک کے سب سے اہم اداروں کی مخالفت میں بات کرنا افسوسناک ہے ،سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کیلئے پاک فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹیں ، یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پاک فوج کے حق میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی،قبل ازیںپارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور و انسانی حقوق خلیل جارج کی قیادت میں کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار سے پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی جس کے شرکاء سرکلر روڈ ، جناح روڈ سے ہوتے ہوئے کوئٹہ پریس کلب پہنچے، اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور ریلی کے شرکاء پاک فوج اور آرمی چیف کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے ، ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے خلیل جارج نے کہا کہ پاک فوج ہماری شان ہے، ہم پاک فوج کی ملکی سرحدوں اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں دی جانے والی قربانیوں کو کبھی بھول نہیں سکتے، سیاسی جماعتیں پاک فوج اور اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے سے گریز کریں ، مضبوط فوج ہی طاقتور پاکستان کی ضمانت ہے ، انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے بارے میں جلسوں میں کی جانے والی گفتگو کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، پارلیمنٹ ، فوج اور عدلیہ ملک کے ستون ہیں اور ہم کسی کو بھی پاک فوج اور دیگر اداروں کے خلاف بات کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے ۔