راحیلہ درانی کی وزیر تعلیم تعیناتی خوشگوار اقدام ہے ،بی پی ایل اے

April 26, 2024

کوئٹہ (پ ر)بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کی صوبائی کابینہ نے رکن صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی کو صوبائی وزیر تعلیم بننے پر مباردکباد دیتے ہوئے اس اقدام کو خوش آئند اور مثبت قرار دیا ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں کہاگیا کہ محترمہ راحیلہ حمید خان درانی ایک منجھی ہوئی سیاست دان اور پڑھی لکھی سلجھی ہوئی خاتون ہیں ۔وہ بلوچستان کے مسائل بالخصوص تعلیمی پسماندگی سے متعلق مسائ اور ایشوز کا ادراک رکھتی ہیں اور انھیں اس بات کا بھی ادراک ہے کہ بلوچستان میں تعلیم کے شعبے میں درپیش مسائل کوکیسے حل کیاجائے ،معیار تعلیم کو کیسے بہتر کیاجائے ۔ بلوچستان میں تعلیمی پسماندگی کیسے دور کی جائے ۔دور دیہات اور لڑکیوں میں شرح خواندگی کیسے بڑھائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ صوبائی وزیر تعلیم کالجز اور کالجز کے اساتذہ کو درپیش مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیں گی ۔تعیناتی اور تقرریاں میرٹ پر ہوں گی ۔کالجز کے اساتذہ کو ایک پرسکون اور تعلیمی ماحول فراہم کرنے کےلیے اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔ تاکہ کالجز کے اساتذہ بہتر طورپر اپنے فرائض انجام دے سکیں ۔