امپورٹڈ حکومت کو الٹی میٹم دینے کے بعد دھرنا موخر کر دیا، تحریک انصاف

May 27, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منیر بلوچ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے امپورٹڈ حکومت کو 6 روز کا الٹی میٹم دینے کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی بلوچستان کا کوئٹہ میں مرکزی احتجاجی دھرنا موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے میں پاکستان تحریک انصاف بلوچستان ایک نئے انداز کے ساتھ احتجاج کا سلسلہ شروع کرئے گی اس حکومت کو کسی قیمت پر تسلیم نہیں کریں گے ،یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات نذیر خان اچکزئی ، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ملک فیصل دہوار، حاجی سیف اللہ خان کاکڑ ، ملک نصیب اللہ خان بیٹنی ، ضلع کوئٹہ کے سینئر نائب صدر داود خان پانیزئی ، داود شاہ کاکڑ ، ضلعی صدر قلعہ عبداللہ صدیق خان ترین ، ضلع کوئٹہ کے سینئر نائب صدر عالم خان کاکڑ ، نور خان اچکزئی ، آئی ایس ایف کے مطیع اللہ کاکڑ ، حاجی گل خان اچکزئی ، میر اشفاق شاہوانی ، سید روح اللہ آغا ، اسد خان اچکزئی ، لیاقت لہڑی ، سردار عارف اتمانزئی ، عبید کاکڑ و دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے اور نئے انتخابات کا اعلان کرنے کا آخری الٹی میٹم دیا ، ان چھ دن میں ہم پورے بلوچستان میں احتجاج کا سلسلہ پھیلانے کے لئے اگلے پلان کو حتمی شکل دیں گے ، الٹی میٹم کی مدت پوری ہونے کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام شہروں میں امریکی امپورٹڈ وفاقی حکومت کے خلاف شاہراہوں کی بندش دھرنے اور احتجاجی مظاہرے ہونگے ، امپورٹڈ وفاقی حکومت نے ہمارے کارکنوں پر بدترین تشدد کیا جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ، پارٹی کے پانچ کارکنوں کو شہید ، چادر و چاردیواری کے تقدس کو پامال ، خواتین اور بچوں پر بدترین شیلنگ کی گئی ، امپورٹڈ حکومت کی گیدڑ بھبکیوں کے باوجود پورے ملک سے لاکھوں کی تعداد میں عوام گھروں سے نکل کر عمران خان کے احتجاج میں شریک ہوئے ، انہوں نے کہا کہ اپنے ہی عوام کے خلاف پولیس اور رینجرز کو اس طرح استعمال کرنے سے قوم کے دو حصوں میں تقسیم ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے اور وفاقی حکومت کی یہی سازش تھی کہ پاکستان میں انارکی پھیلے اور قوم دو حصوں میں تقسیم ہوجائے مگر سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر پرامن ہونے کا ثبوت دیا اور اسمبلیاں تحلیل اور ملک میں نئے انتخابات کے اعلان کے لئے مزید چھ دن کی مہلت دی ، انہوں نے جمعیت علماء اسلام (نظریاتی) اور کاکڑ جمہوری پارٹی کا امپورٹیڈ وفاقی حکومت کے خلاف دھرنے کی حمایت اور اظہاریکجہتی کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر پارٹی رہنما سابق گورنر بلوچستان سید ظہور احمد اغا نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے پرامن کارکنوں پر تشدد اور ان کو شہید کرنے کی مذمت کرتے ہیں شہیدوں کے خون کا حساب امپورٹڈ وفاقی حکومت سے لیا جائے گا ۔تحریک انصاف ضلع کوئٹہ کے صدر عبدالباری بڑیچ نے تحریک انصاف ضلع کوئٹہ سمیت تمام اضلاع سے آئے پاکستان تحریک انصاف ، یوتھ ونگ ، آئی ایس ایف ، خواتین ونگ ، وکلا ونگ اور انصاف ڈاکٹر فورم کے ارکان کا احتجاجی دھرنے میں بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کیا ۔