پاکستان کی ایٹمی طاقت جمہوری حکومتوں کی مرہون منت ہے‘ حافظ حمداللہ

May 29, 2022

کوئٹہ ( آئی این پی ) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی ترجمان و جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مولانا حافظ حمداللہ نے کہاہے کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ذوالفقار علی بھٹو ، ڈاکٹر قدیر خان اور نواز شریف کو بدقسمتی سے حب الوطنی کے بدلے تمغہ غداری سے نوازا گیا ، ایک کو پھانسی پہ لٹکایا گیا دوسرے کو ہائی جیکر قرار دے کرملک بدر کیا جبکہ قومی ہیرو کو مرتے دم تک گھر میں پابند سلاسل رکھا اور حتیٰ کہ اس کے جنازے میں بھی امریکہ کے خوف سے اس وقت کے وزیراعظم شرکت نہیں کرسکا ۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ 28مئی یوم تکبیروہ دن ہے جب پاکستان اسلامی دنیاکاپہلاایٹمی ملک بنا، پاکستان کوایٹمی طاقت بنانے میں مرکزی کردار ذوالفقارعلی بھٹو ، ڈاکٹرقدیرخان اور نواز شریف نے اداکیاتینوں شخصیات کی کاوشیں اور مخلصانہ محنت قابل تحسین ہے جس پرپوری قوم ان تینوں شخصیات کوخراج عقیدت پیش کرتی ہے ۔ بدقسمتی سے تینوں شخصیات کوتمغہ وفاداری اورحب الوطنی کے بدلے تمغہ غداری سے نوازاگیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت بننے کی آغازسے لیکرایٹمی دھماکوں تک جمہوری حکومتوں کی مرہون منت ہے۔