ٹاپ گن 2 نے پہلے ہی ہفتے باکس آفس کے ریکارڈ توڑ دیے

May 30, 2022

ٹام کروز کی نئی فلم ’’ٹاپ گن میوریک‘‘ نے عالمی باکس آفس پر توقعات سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔

فلم میں ٹام کروز کے لازوال کردار ’’میوریک مچل‘‘ کی واپسی ہوئی، پائلٹ کا یہ کردار 1986 میں ریلیز ہونے والی ٹاپ گن میں متعارف ہوا تھا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ 59 سالہ اداکار ٹام کروز کی کسی فلم نے امریکا میں پہلے ہفتے میں 10 کروڑ ڈالر سے زائد کا بزنس کیا۔

امریکا کے 4 ہزار 732 سینما گھروں میں فلم دکھائی گئی، ٹاپ گن پارٹ ٹو نے صرف امریکا میں 15 کروڑ ڈالر سے زائد کا بزنس کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 19 ہزار مقامات پر فلم کی نمائش ہوئی۔

ٹاپ گن میوریک کو ابتدائی طور پر 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا لیکن کورونا وبا کی وجہ سے ریلیز کی تاریخ کئی بار ملتوی ہوئی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 1986 میں ٹاپ گن ریلیز ہونے کے بعد امریکی بحریہ کے ایوی ایشن ڈویژن کی بھرتیوں میں سالانہ بنیادوں پر 500 فیصد کا اضافہ ہوتا رہا۔