پشین کی سڑکوں کے ٹینڈر میں بےضا بطگیوں کا نوٹس لیا جائے، رحیم خان

June 29, 2022

کوئٹہ(پ ر) مقامی کنسٹرکشن کمپنی کے رحیم خان نے ایک بیان میں کہاہے کہ ضلع پشین میں سڑکوں کی تعمیر کے ٹینڈرز میں بے ضابطگیوں کا نوٹس لیا جائے۔ من پسند ٹھیکیداروں کو ٹھیکہ دیا اور حق دار ٹھیکداروں کو نظر انداز کردیاگیا۔ اس اقدام کے خلاف نیب اور دوسرے متعلقہ اداروں کو بھی درخواستیں دے دی ہیں، انہوں نےکہا کہ 7 جون 2022 کو ضلع پشین کے مختلف علاقوں کے 27 اسکیمات کے ٹینڈرز ہوئے جس میں ان کی کمپنی نے بھی حصہ لیا۔ ٹینڈرز کے دن ایکسئین روڈ پشین اور سب انجینئر نے ٹھیکداروں کو بتایاکہ ایک ہفتے کے اندر آپ لوگوں کے ٹیکنیکل کھولے جائیں گے جس میں کوالیفائیڈ ٹھیکیداروں کے فنانشل کھولے جائیں گے مگر ایک ہفتے بعد مذکورہ ایکسین اور سب انجینئر نے نمبر بندکردیئے ان سےکسی صورت بھی رابطہ نہیں ہورہا تھا اور نہ ہی دفتر میں مل رہے تھے۔انہوں نےکہاکہ ان کی کمپنی نے دو اسکیمات کا ٹھیکہ حاصل کرنے کیلئے 26.25 فیصد Below ریٹ میں گئی تھی۔ مگرمتعلقہ حکام نے دوسری من پسند کمپنی کو مذکورہ اسکیمات کا ٹھیکہ دیا جس سے کمپنی کی حق تلفی ہوئی ،بیان میں ڈی جی نیب،چیف انجینئر بی اینڈ آر ،سیکرٹری بی اینڈ آر اور متعلقہ محکمے کے وزیر سے مطالبہ کیاگیاہے کہ پشین میں سڑکوں کی تعمیر کے ٹینڈرز میں بے ضابطگیوں کو نوٹس لےکرذمہ داروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائیں۔