نوجوان مستقبل کے معمار‘ رہنمائی ہم سب کی ذمہ داری‘ سینیٹر ثمینہ

July 06, 2022

کوئٹہ (پ ر) کسی بھی قوم میں نوجوان طبقہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور مستقبل کے لئے نوجوانوں کی صحیح سمت میں رہنمائی ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے ۔ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ہمارے روشن مستقبل کے ضامن اور ہمارا سرمایہ ہیں جو کسی صورت کسی سے کم نہیں ،بات صرف مواقع ملنے کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ہمارے آنے والے مستقبل کے معمار ہیں ۔بلوچستان کی دیرپا اور تیز رفتار ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بندوق کے زور پر کبھی اپنے حقوق حاصل نہیں کئے جاسکتے جبکہ بندوق کی بجائے قلم وقت کی ضرورت ہے کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی ۔بلوچستان کے نوجوان ہر شعبے میں اپنی فنی و علمی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور دنیا بھر میں اپنے پیارے وطن پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوا ن باشعور ہو چکا ہے اوراسے اپنے اچھے برے کی پہچان ہے اور انہیں اچھی طرح معلوم ہونا چاہئے کہ قوموں کی ترقی اور مستقبل کا دارومدار نوجوانوں پر ہوتا ہے ۔انہوں نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے مقابلے کے دور میں جو قوم اپنے نوجوانوں پر توجہ دے گی اور ُان کی صحیح سمت میں رہنمائی کرے گی وہی دنیا کے نقشے پر کامیابی کے جھنڈے گاڑھے گی اور ترقی کرے گی ۔ہمارے چند ناراض اور بھٹکے ہوئے نوجوان دوسروں کے بہکاوے میں آ کر غلط راہ پر چل رہے ہیں ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان نوجوانوں کو صحیح سمت دکھائی جائے اور وطن سے محبت اور اس کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانا ہی صحیح سمت ہے ۔ہم امید کرتے ہیں کہ بھٹکے ہوئے نوجوان اپنے دل کی آواز سنیں گے اپنی سوچ کو بدلیں گے اور دشمنوں کی چالوں میں نہیں آئیں گے ۔اپنی بھرپور صلاحیتیں اپنے وطن پاکستان کے لئے استعمال کریں گے اور ملکی دھارے میں شامل ہو کر وطن کے لئے خدمات سرانجام دیں گے ۔ اس مقصد کے لئے پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔