یوکرینی انجینئر نے سائیکل کے پچھلے پہیے کو دو حصوں میں تقسیم کردیا

July 06, 2022

یوکرین سے تعلق رکھنے والے ایک انجینئر نے ایک ایسی عجیب و غریب سائیکل تخلیق کی ہے جس کا پچھلا پہیہ دو آدھے حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔

حیران کن امر یہ ہے کہ سائیکل جو چلتی ہی دو پہیوں پر ہے اور اگر اس کے بھی ایک پہیے کو مزید دو حصوں میں کر دیا جائے تو وہ کیسے کام کرے گی؟

یہی اس یوکرینی انجینئر سرگئی گوردیف کی وہ تخلیق ہے جسے اس نے عملی طور پر بخوبی ممکن کر دکھایا ہے۔

سرگئی گوردیف اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کی وجہ سے نت نئی ایجادات کے لیے جانے جاتے ہیں۔

اس سے قبل وہ بغیر چین کی سائیکل اور ڈرل پاورڈ آئس بائیک بھی بنا چکے ہیں۔ تاہم ان کی یہ نئی تخلیق بلاشبہ قابل تعریف ہے۔ جس میں ایک مکمل پہیے کے بجائے اسے دو نصف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے لیکن وہ اپنا کام اسی طرح انجام دیتا ہے جیسا کہ ایک ریگولر پہیہ کرتا ہے۔