سقوط ڈھاکہ قوم کو دولخت کرنیکی سازش تھی‘ صادق عمرانی

July 07, 2022

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ قوم کو دولخت کرنے کی سازش تھی جس میں کامیابی کے بعد قومی تشخص کی بحالی کے ساتھ ایک ناقابل تسخیر ایٹمی طاقت کے روپ میں ابھرتا پاکستان اور اسے مل جانے والی حقیقی سیاسی قیادت سامراجی طاقتوں کی آنکھوں میں کھٹکنے لگی۔ ایک سیاسی بصیرت کی حامل قیادت جس کے مدبرانہ اور جرأت مندانہ فیصلے عالمی سیاست کا منظرنامہ یکسر تبدیل کردینا چاہتی تھی ایک ایسی فلک شگاف آواز جو تیسری دنیا سمیت دنیا بھر کے مفلوک الحال انسانوں کے غصب شدہ حقوق کی بحالی کے لئے بلند ہوئی تھی ۔ بیداری کی اس لہر نے سامراجی طاقتوں کو یہ باور کروادیا کہ جلد اس آواز کو دبا نہیں جاتا تو ان کا تسلط آنے والے دنوں میں قائم نہ رہ پائے گا بڑھتے ہوئے اس خوف کے پیش نظر تمام سازشوں کے تانے بانے کا رخ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جانب موڑ دیا گیا اور ان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لئے انہیں ایک جھوٹے مقدمے میں پھنسا دیا گیا تاکہ دنیا بھر کے مظلوم عوام کی آواز پر بند باندھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سقوط جمہوریت اسی سازش کی ایک کڑی تھی جس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ایک عوامی تائید یافتہ حکومت پر شب خون مارا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نہ صرف آج ایک ناقابل تسخیر ایٹمی طاقت ہے بلکہ اس کی تینوں افواج گزشتہ تین دہائیوں سے مسلسل حالت جنگ میں رہنے کی وجہ سے اتنی باصلاحیت اور نڈر ہوچکی ہیں کہ وہ صرف چند منٹوں میں کسی بھی جانب سے مسلط کی گئی جارحیت سے بروقت اور دشمنان وطن کو ایسا دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں جو ملک دشمنوں پر زمین تنگ کرنے اور ان کی نسلوں کو مٹادینے کی صلاحیت کی اہل ہوچکی ہیں۔