برطانوی کتے نے بطخ کے 15 یتیم بچےگود لے لیے

July 07, 2022

برطانیہ میں ایک پالتو کتے نے بطخ کے 15 یتیم بچوں کو گود لے لیا۔

برطانیہ کے علاقے ایسیکس میں فریڈ نامی پالتو کتے نے رحم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بطخ کے 15 یتیم بچوں کو گود لے کر سب کو حیران کر دیا۔

بطخ کے یہ بچے اس وقت بے سہارا ہو گئے جب ان کی ماں ایک رات انہیں اکیلا چھوڑ کر چلی گئی۔

بعد ازاں فریڈ نے ان بچوں کو مشکل میں دیکھ کر ان کا خیال رکھنا شروع کر دیا۔

فریڈ کے مالک جیریمی گولڈ اسمتھ کا کہنا ہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ میرے پالتو کتے نے بطخ کے بچوں کو گود لیا ہو، اس سے قبل 2018ء میں بھی ماں کے چھوڑ جانے پر فریڈ نے 9 بطخ کے بچوں کا خیال رکھا تھا۔

اگرچہ فریڈ کے مالک اسے اور بطخ کے بچوں کو کھانا کھلاتے اور دیکھ بھال کرتے ہیں لیکن یہ پالتو کتا ان بچوں کو پیٹھ پر بٹھا کر سیر بھی کرواتا ہے اور ان کے ساتھ وقت گزارتا ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ بطخ کے بچے اس وقت تک فریڈ کے ساتھ رہیں گے جب تک کہ وہ اتنے بڑے نہیں ہو جاتے کہ خود زندگی گزارنے کے لیے جدوجہد کر سکیں۔