خیرات کے پیسوں پر پلنے والوں کا چہرہ عیاں ہوگیا‘ صادق عمرانی

August 07, 2022

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ ماضی سے سبق نہ لینے والی قومیں تباہ حالی سے دوچار ہوجایا کرتی ہیں بارہا کئے جانے والے لاحاصل تجربات نے نہ حقیقی جمہوری عمل کو پروان چڑھنے دیا اور نہ ہی ستر سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود عوام اس حقیقی طرزسیاست کے ثمرات سے مستفید ہوسکے۔ ملک کی تاریخ کا بڑا حصہ آمریت کی نذر کردیا گیا۔ یہ ہمارا قومی المیہ رہا ہے کہ اس مسلط کردہ جبر مسلسل کو تو ملک کی حقیقی سیاسی قوتوں نے چلتا کردیا مگر آمریت کی نرسریوں میں پلنے والوں کی بیخ کنی نہیں کی جاسکتی۔ یہی وجہ ہے کہ کبھی مذہب، کبھی قومیت اور کبھی تبدیلی کے نام پر قوم کا سیاسی و معاشی استحصال کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری و ساری رہا۔ صادق عمرانی نے کہا کہ بھاری سیاسی قیمت چکا کر ملک کو تو بچا لیا گیا مگر مسلط کردہ غیر حقیقی تبدیلی کے مضر اثرات کو زائل کرنے میں ایک طویل مدت درکار ہوگی۔ جھوٹ تضادات اور کھلی منافقت کے پیکر اور خیرات کے پیسوں پر لیڈری چمکانے کا شوق پورا کرنے والوں کا چہرہ قوم پر عیاں ہوچکا ہے۔ تبدیلی سرکار یہ اچھی طرح جان لے کہ یہ شہداء محاظ و جمہوریت کا وطن ہے صبح کا بھولا اگر شام کو گھر لوٹ آئے تو اسے بھولا نہیں کہتے۔ تبدیلی کا بے وقعت و بے معنی نعرہ اپنا سحر کھو چکا ہے۔سیاسی کارکن ثابت قدم رہنے والی قیادت کے ہم سفر بن کر ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ صادق عمرانی نے کہا کہ شہداء کے سیاسی تربیت یافتہ کارکن ہر کٹھن گھڑی میں سربہ کفن ہیں۔ سیاست اور پائیدار جمہوری عمل اور استحکام پاکستان کے جاری سفر میں اور موجودہ گمبھیر تر ہوتے حالات میں پیپلز پارٹی سے بہتر کوئی فورم نہیں ہوسکتا۔ شہداء کی اس جماعت میں شمولیت مادر وطن سے حقیقی محبت و عقیدت کا حق ادا کرنے کے تمام تر مواقع فراہم کرسکتی ہے۔