مفتاح نے بات پھیلائی کہ میں نے IMF کو خط لکھا ہے، تیمور سلیم جھگڑا

August 27, 2022

وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل نے یہ بات پھیلائی کہ میں نے آئی ایم ایف کو خط لکھا ہے، میرے خط کو پبلک کیا گیا، معاشی مسئلوں پر ہم سیاست نہیں کرنا چاہتے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ کل مفتاح اسماعیل سے ملاقات ہوئی تھی، مفتاح اسماعیل نے کل میری تعریف بھی کی، میں مفتاح کی نیت پر شک نہیں کرتا وہ پارٹی سے مجبور ہے۔

تیمور جھگڑا نے کہا کہ پیر کو دوبارہ مفتاح کے پاس جاؤں گا، قومی مفاد پر سیاست نہیں کرتا۔

صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ 50 لاکھ لوگوں کیلئے بجٹ میں 2 ارب روپے مختص تھے لیکن انہوں نے نکال دیے، 24 گھنٹوں کے اندر ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ ایم او یو سائن کیا تھا۔

تیمور جھگڑا نے کہا کہ اختلافات کے باوجود ہم نے اپنی شرائط لگا کر ایم او یو سائن کیا تھا، ہم غدار نہیں صوبے کے مفاد میں کام کر رہے ہیں۔