آئندہ 10 روز میں شدید گرمی کی پیشگوئی، پارہ 51 ڈگری تک جاسکتا ہے، نجی موسمیاتی ادارہ

May 18, 2024

علامتی فوٹو

ماہرین موسمیات نے کہا ہے کہ 10 روز کے دوران ایک شدید گرمی کی لہر ملک کے بیشتر مقامات پر اثرانداز رہے گی۔ میدانی علاقوں میںدرجہ حرارت 49 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کرسکتا ہے۔

گرمی کی لہر سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں کو متاثر کرے گی۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ، پنجاب کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھ سکتا ہے۔

سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 49 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کرسکتا ہے۔ ان میدانی علاقوں میں گرم ترین درجہ حرارت کے ریکارڈز ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں درجہِ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

جون کے پہلے ہفتے میں اس گرمی کی لہر میں کمی آنے کا امکان ہے۔ کراچی میں درجہ حرارت ملک کے باقی حصوں کے مقابلے بہتر رہے گا، تاہم گرمی کی لہر کے کچھ اثرات کراچی پر بھی رہیں گے۔

ماہرین کے مطابق 10 روز کے دوران کراچی کا درجہ حرارت 36 سے 39 ڈگری سینٹی رہے گا۔ کراچی میں کچھ دن درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی رہ سکتا ہے۔