فواد چوہدری کے عدلیہ مخالف بیانات، درخواست سماعت کیلئے مقرر

September 05, 2022

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدلیہ مخالف بیانات پر فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار کل فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

عدالت عالیہ میں وکیل سلیم اللّٰہ خان نے ذاتی حیثیت میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی، جس کے ساتھ فواد چوہدری کے مختلف بیانات کا ٹرانسکرپٹ بھی منسلک ہے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ فواد چوہدری نے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کے خلاف توہین آمیز بیان دیا۔

وکیل سلیم اللّٰہ خان نے مزید کہا کہ فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو توہین عدالت میں سزا ممکن نہیں، وہ پاپولر لیڈر ہیں۔

درخواست میں فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی۔