• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف کی سلیکشن چیلنج کرنا غلط بات ہے، پارٹی لیڈر کو معافی مانگنی چاہیے، جنرل (ر) رضا خان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

دفاعی تجزیہ کار جنرل (ر) رضاخان نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی سلیکشن کو چیلنج کرنا غلط بات ہے، پاک فوج کو علم ہے، پاکستان کی خدمت کیسے کرنی ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں جنرل (ر) رضا خان نے کہا کہ مسلح افواج کے چیف کی سلیکشن میں میرٹ اور موزوں ہونے کے معاملے میں دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی سلیکشن کو چیلنج کرنا غلط بات ہے، پارٹی لیڈر کے بیان سے مسلح افواج کے افسران کو سخت تشویش ہوئی ہے۔

دفاعی تجزیہ کار نے مزید کہا کہ دنیا میں کہیں اپنی افواج پر سازش کا الزام نہیں لگایا جاتا، ایسے بیانات کا مطلب ہے پارٹی لیڈر شاید جمہوری روایات کو نہیں مانتے ہیں، انہیں اپنا بیان واپس لینا چاہیے اور اس پر معافی مانگنی چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت اس طرح کے بیانات فوج کے مورال پر براہ راست اثر ڈالیں گے، بیان واپس لینے کے لیے ان کے فالوورز کو اپنی لیڈرشپ پر دباؤ ڈالنا چاہیے۔

جنرل (ر) رضا خان نے یہ بھی کہا کہ تحریک عدم اعتماد جمہوری عمل اور روایات کا حصہ ہے، جس کی کامیابی کے بعد سے ہی فوج کے خلاف باتیں شروع کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کا عہد ہوتا ہے کہ وہ ریاست اور آئین کے وفادار ہوتے ہیں، جو بھی حکومت ہوتی ہے اس کو فوج سپورٹ کرتی ہے۔

دفاعی تجزیہ کار نے کہا کہ آرمی میں 9 کور کمانڈر ہوتے ہیں، سب نے 38 ،37 سال ایمانداری سے پاکستان کی خدمت کی ہوتی ہے، انہیں پتا ہے کہ خدمت کیسے کرنی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ایسے بیانات دیے گئے افواج پاکستان کو کئی ناموں سے پکارا گیا، فوج کو بار بار دعوت دی گئی کہ سیاست میں آئیں اور ایک پارٹی کو سپورٹ کریں، جو غلط ہے۔

جنرل (ر) رضا خان نے کہا کہ اس پارٹی کے سربراہ کے چیف آف اسٹاف کا معاملہ عدالت میں ہے، افواج پاکستان کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان کے دشمنوں کا فائدہ ہوگا، اس سے لازمی اجتناب کرنا چاہیے، مسلح افواج کے ریٹائرڈ لوگوں نے بھی اس بیان کی مذمت کی ہے۔

دفاعی تجزیہ کار نے کہا کہ ایسے بھی بیانات دیے گئے کہ پی ٹی آئی کے سوا کسی کی حکومت ہو تو اس سے بہتر ہے ملک پر ایٹم بم گرایا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جلسے جلوسوں کو تمام پارٹیوں نے رد کیا ہے، اس وقت ہمارے لوگ تکالیف میں ہیں، بیرون ملک بھی لوگوں کو اس وقت متاثرہ لوگوں سے متعلق تشویش ہے۔

جنرل (ر) رضا خان نے کہا کہ فوج اس وقت سیلاب زدہ لوگ کو بچانے کی کوشش کررہی ہے، اس وقت ایسے بیانات فوج کے مورال پر براہ راست اثر کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید