عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے، ڈی آئی جی

October 07, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوئٹہ کیپٹن (ر) غلام اظفر میسہر نے کہا ہے کہ پولیس اور عوام کا چولی دامن کا ساتھ ہے ، عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا پولیس کی ذمہ داری ہے جس کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،پولیس اور عوام کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرکے مسائل کے حل کو یقینی بنائیں گے، کوئٹہ میں منشیات فروشوں، نشے کے عادی افراداورقبضہ مافیہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے نواں کلی میں انجمن تاجران کے تعاون سے بنائے جانے والے بوتھ کو پولیس چوکی کا درجہ دے کر وہاں 24 گھنٹے اہلکار تعینات کیے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نواں کلی میں انجمن تاجران بلوچستان کی جانب سے بنائے جانے والے ٹریفک بوتھ کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ، تقریب سے ایس ایس پی ٹریفک پولیس کوئٹہ عرفان بشیر اور انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم آغا نے بھی خطاب کیا ۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ انجمن تاجران نے عوام کی سہولت کے لئے ٹریفک بوتھ بنانے کے لئے پولیس کو کنٹینر مہیا کیا اس کو بوتھ کی بجائے پولیس چوکی کا درجہ دیا جائے گا جہاں 24 گھنٹے پولیس کی نفری موجود رہے گی جس سے تاجر برادری اور علاقہ مکینوں کو تصدیقی سرٹیفکیت کے حصول ، شناختی کارڈ یا دیگر دستاویزات کی گمشدگی کی رپورٹ کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء اور لرننگ لائسنس جاری کرنے کی سہولیات میسر آئیں گی۔ سٹی نالے میں نشے کے عادی افراد کے خلاف آپریشن کے بعد یہ لوگ شہر کے مختلف علاقوں میں پھیل گئے ، ایس پی صدر اور ایس ایچ او زرغون آباد نواں کلی کے نالے میں نشے کے عادی افراد اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کریں گے لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے غریب لو گ عمر بھر کی جمع پونجی سے زمین خریدتے ہیں اور قبضہ مافیہ انہیں جعلی کاغذات اور پلاٹ دے کر پیسے بٹورتاہے یہ سلسلہ اب نہیں چلے گا لوگ شکایت کریں ہم ان کی مدد کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ تھانہ زرغون آباد کوئٹہ کا سب سے بڑا تھانہ تھا اس لئے کلی عمر میں نئے تھانے کا قیام عمل میں لاکر وہاں پر عملہ تعینات کردیا گیا ہے جبکہ عملے کو گاڑی موٹر سائیکلوں سمیت دیگر تمام وسائل فراہم کر دیئے گئے ہیں ۔