20 غریب ترین اضلاع کیلئے ترقیاتی منصوبے کا آغاز

November 12, 2022

وزارت منصوبہ بندی نے ملک کے 20 غریب ترین اضلاع کیلئے 5 سالہ ترقیاتی منصوبے کا آغاز کردیا، منصوبہ سی ڈی ڈبلیو پی نے منظوری کیلئے ایکنک کو بھیج دیا۔

وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ منصوبے کے پہلے فیز کی تخمینہ لاگت 40 ارب روپے ہے، منصوبہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان اشتراک کی بنیاد پر مکمل ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کی اقتصادی تاریخ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا منصوبہ ہے۔

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے 11، سندھ کے 5، خیبر پختونخوا سے 3 اور پنجاب سے1 ضلع شامل کیا گیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ بیشتر اضلاع حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، یہ منصوبہ یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام کاحصہ ہے۔