ایرانی فٹبالر حکومت کیخلاف پروپیگنڈا پھیلانے کے الزام میں گرفتار

November 25, 2022

حکومت پر تنقید کرنے کے الزام میں ایرانی فٹبالر ووریا غفوری گرفتار، فوٹو بین الاقوامی میڈیا

ایران کے مشہور فٹبالر ووریا غفوری کو ایرانی سیکیورٹی فورسز نے حکومت کے خلاف پروپیگنڈا پھیلانے اور قومی ورلڈ کپ ٹیم کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

ووریا غفوری ایران کی فٹبال ٹیم کی سابق رکن اور تہران کے کلب استغلال کے کپتان رہ چکے ہیں۔ وہ حکومت پر اکثر ہی تنقید کرتے رہتے ہیں۔

فٹبالر کو اس سے قبل بھی ایک بار سابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پر تنقید کرنے پر حراست میں لیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ ایران میں زیر حراست لڑکی کی موت کے خلاف سراپا احتجاج مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایران کی فٹبال ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ کے میچ میں اپنا ترانا نہیں پڑھا۔

اس لیے ووریا غفوری کی گرفتاری کو کھلاڑیوں کے لیے انتباہ کے طور پر بھی دیکھا جا سکتا ہے تاکہ کھلاڑی ورلڈ کپ میں اس طرح کا احتجاج دوبارہ نہ کریں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق، ووریا غفوری کو ان کے اپنے کلب کے ساتھ تربیتی سیشن مکمل ہونے کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔